ملک کے مختلف علاقوں میں برفباری اوربارش سے سردی میں اضافہ

ویب ڈیسک  بدھ 15 نومبر 2017

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، برفباری اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار تاہم سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد، مری، گلیات، نتھیا گلی میں شدید بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا۔ بنوں اور چارسدہ میں شہر میں بارش کی وجہ سے 20 گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔ کالام ، دیر لوئر میں پہاڑوں پر برفباری باری سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ جنوبی اور شمالی وزیرستان کے علاقوں برمل ، شوال اور رزمک میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔

اورکزئی ایجنسی میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ سوات، پشاور، نوشہرہ میں ساری رات طوفانی بارش سے شہر میں جل تھل ہوگیا جب کہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ چترال کے بالائی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری ہوئی اور لواری ٹاپ بند ہونے سے آمد و رفت معطل ہوگئی۔

دوسری جانب پھالیہ اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوگئی جب کہ ساہیو​ال شہر اور جی ٹی روڈ پر دھند کا راج قائم ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوگئی۔ ادھر سندھ میں سکھر اور گرد و نواح میں گذشتہ روز ہونے والی پہلی بارش کے بعد سردی بڑھنے کی وجہ سے گرم ملبوسات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔