لبنانی وزیراعظم کا دوروز میں وطن واپسی کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 15 نومبر 2017
سعدالحریری نےگزشتہ ہفتے اپنے عہدے سے دستبردارہونےکا اعلان کیا:فوٹو:فائل

سعدالحریری نےگزشتہ ہفتے اپنے عہدے سے دستبردارہونےکا اعلان کیا:فوٹو:فائل

ریاض: لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد الحریری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں اور آئندہ 2 روز میں لبنان واپس لوٹ جائیں گے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد الحریری نے سوشل میڈیا پر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’میں خیریت سے ہوں اور آئندہ دو روزمیں  واپس وطن آجاؤں گا‘

لبنانی وزیراعظم نے 10روز قبل سعودی عرب میں ٹی وی چینل کے ذریعے اچانک اپنے عہدے سے دستبردارہونے کا اعلان کیا تھا، لبنانی وزیراعظم  کے اچانک استعفے کے بعد لبنان میں ایک سیاسی بحران پیدا ہوا ہے جس کے بعد سعودی عرب اور ایران کی جانب سے لبنان میں غیر یقینی سیاسی صورت حال پر ایک دوسرے کے خلاف شدید تنقید جاری ہے۔

سعد الحریری نے اپنے استعفیٰ میں ملکی سیاست میں حزب اللہ کے ذریعے ایرانی مداخلت کو وجہ بتایا تھا جب کہ انہوں نے اپنے قتل کے خدشے کا بھی اظہارکیا تھا۔

دوسری جانب سعد الحریری کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں لبنانی وزیراعظم کو یرغمال بنا کر استعفیٰ لیا گیا جب کہ لبنان کے صدر مشعل عون نے ان کے استعفے کی منظوری سے انکارکرتے ہوئے کہا کہ جب تک سعد حریری خود بیروت آکر باضابطہ اپنا استعفیٰ پیش نہیں کرتے وہ اس کو منظور نہیں کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔