بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

ویب ڈیسک  بدھ 15 نومبر 2017
گزشتہ روز بھارت فوج کی فائرنگ سے 75 سالہ پاکستانی شہری محمودہ بیگم شہید ہوگئیں۔ فوٹو: فائل

گزشتہ روز بھارت فوج کی فائرنگ سے 75 سالہ پاکستانی شہری محمودہ بیگم شہید ہوگئیں۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری سے خاتون کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے ایل او سی پر بھارتی گولہ باری سے 75 سالہ معمر خاتون کی شہادت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ سے چڑی کوٹ سیکٹر میں 75 سالہ  محمودہ بیگم شہید ہوگئی تھیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق سرحد کی خلاف ورزی اور عام شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنانا کھلی جارحیت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور اس کی یہ اشتعال انگیزیاں پورے خطے کے امن کے لئے نقصان دہ ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لئے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر پر زور دیا کہ وہ 2003 میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کا احترام کو یقینی بنائیں اور حالیہ سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔