مردم شماری کےتحت خیبرپختونخوااسمبلی کی نشستیں بڑھائی جائیں، آفتاب شیرپاؤ

ویب ڈیسک  بدھ 15 نومبر 2017
پاناما جیسے غیر اہم ایشوز کی وجہ سے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا،آفتاب شیرپاؤ فوٹو: فائل

پاناما جیسے غیر اہم ایشوز کی وجہ سے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا،آفتاب شیرپاؤ فوٹو: فائل

صوابی: قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے مطالبہ کیاہے کہ نئی مردم شماری کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشستیں بھی بڑھائی جائیں۔

صوابی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کسی بھی غیرآئینی اقدام کی مخالفت کرے گی، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سابق وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے صوبوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں، آبادی کے مطابق صوبے کی نمائندگی کو بڑھانا یہاں کے عوام کا آئینی اور قانونی حق ہے، قومی اسمبلیوں کی طرح صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔

آفتاب شیرپاؤ نے قبل از وقت انتخابات کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے جمہوریت اور ادارے کمزور ہوں گے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ ایک جمہوری سوچ کے مالک نہیں۔ ایک طرف عمران خان وقت سے پہلے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں اور دوسری جانب ان کی پارٹی کے وزیر اعلیٰ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اس کی مخالفت کرتے ہیں۔

قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور ہماری جماعت جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے، قومی وطن پارٹی چاہتی ہے کہ انتخابات کا انعقاد اپنے مقررہ وقت پر ہو جس سے پارلیمان اور ادارے مضبوط ہوں گے۔ تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے کوئی عملی کام نہیں کئے جبکہ صحت اور تعلیمی اداروں کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، پاناما جیسے غیر اہم ایشوز کی وجہ سے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا اور فاٹا انضمام جیسے اہم امور التواءکاشکار ہیں۔

ایم ایم اے کی بحالی کے حوالے سے آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ ایم ایم اے میں شامل دو بڑی جماعتیں جماعت اسلامی اور جے یو آئی (ف) کے مابین کئی معاملات پر اختلاف ہے، کسی بھی عمل سے پہلے دونوں جماعتیں اپنے اپنے موقف پر غور کریں، ایک طرف تو دونوں سیاسی جماعتیں ایک ہونے جا رہی ہیں جبکہ دوسری جانب فاٹا انضمام جیسے اہم مسئلہ پر ایک دوسرے کی مخالفت کر رہی ہیں، تعجب کی بات ہے کہ جماعت اسلامی صوبے میں تحریک انصاف جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مرکز میں پاکستان مسلم لیگ ن کی اتحادی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔