طیاروں پردوران لینڈنگ لیزرلائٹ مارنے کا سلسلہ جاری

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 16 نومبر 2017
ضلعی انتظامیہ کو متعدد خط لکھے گئے،کوئی کارروائی نہیں کی گئی، سول ایوی ایشن
فوٹو: فائل

ضلعی انتظامیہ کو متعدد خط لکھے گئے،کوئی کارروائی نہیں کی گئی، سول ایوی ایشن فوٹو: فائل

 کراچی:  شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے والے جہازوں پر لیزر لائٹ مارنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، جہازوں کی سیفٹی کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں اندرون  و بیرون ملک سے آنے والی پروازوں پر لیزر لائٹ پڑنے سے کپتانوں کو لینڈنگ کے وقت پریشانی کا سامنا ہے، غیر ملکی ایئرلائنوں نے طیاروں کو مسلسل لیزرلائٹ مارنے کے واقعے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ابوظبی سے کراچی آنے والی غیر ملکی ایئرلائن اتحاد ایئرویز کی پرواز EY-200، مسقط سے کراچی آنے والی عمان ایئرلائن کی پروازWY-325، دبئی سے کراچی آنے والی امارات ایئرلائن کی پرواز EK-602 کو لیزر لائٹ مارنے کے واقعات رونما ہوئے۔ زیادہ تر واقعات لینڈنگ کے وقت پیش آ رہے ہیں، جس کی تحریری شکایات کپتانوں کی جانب سے سول ایوی ایشن کو موصول ہوئی ہیں، جس میں کپتانوں کی جانب سے سی اے اے کو انتباہ کیا گیا ہے کہ معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے کیونکہ اس معاملے کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

سپر ہائی وے پرمقامی ریسٹورنٹ پر لیزر لائٹ لگی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے طیاروں کو مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن کی جانب سے ایس ایس پی ملیر، ضلعی انتظامیہ کو لیزر لائٹوں کے خلاف آپریشن کیلیے متعدد خط لکھے ہیں تاہم اس کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔