چترال میں آتشزدگی سے پورا بازار جل کر راکھ ہوگیا

ویب ڈیسک  جمعـء 17 نومبر 2017
خوفناک آتشزدگی سے 70 دکانیں اور تین گھر جل کر خاکستر ہوگئے۔۔ فوٹو: فائل

خوفناک آتشزدگی سے 70 دکانیں اور تین گھر جل کر خاکستر ہوگئے۔۔ فوٹو: فائل

چترال: دروش بازار میں خوفناک آتشزدگی کی وجہ سے 70 دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چترال کے دروش بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ ، پولیس اور بڑی تعداد میں رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور کئی گھنٹے کی کوشش  کے بعد آگ بجھانے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق خوفناک آتشزدگی سے 70 دکانیں اور تین گھر جل کر راکھ ہوگئے ہیں۔

دکان داروں کے مطابق آتشزدگی سے دکانوں میں موجود ان کا سارا قیمتی سامان جل گیا جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ افیسر نے بازار کا دورہ کیا اور صورت حال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صدر چترال چیمبر بھی موجود تھے۔ آتشزدگی کے واقعے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔