ٹرین 20 سیکنڈ پہلے روانہ ہونے پر ریلوے کو معافی مانگنی پڑگئی

ویب ڈیسک  جمعـء 17 نومبر 2017
غلطی اس لیے ہوئی کیونکہ عملے نے ٹرین کی روانگی کے ٹائم ٹیبل کوچیک نہیں کیا تھا؛ انتظامیہ؛ فوٹوفائل

غلطی اس لیے ہوئی کیونکہ عملے نے ٹرین کی روانگی کے ٹائم ٹیبل کوچیک نہیں کیا تھا؛ انتظامیہ؛ فوٹوفائل

ٹوکیو: جاپان میں ریل کمپنی کو ٹرین کےمقررہ وقت سے 20 سیکنڈ جلد روانہ کرنے کے لئے عوام سے معافی مانگنی پڑگئی۔

پاکستان میں ٹرین کی آمدورفت میں تاخیر معمول کی بات سمجھی جاتی ہے، لوگ اس تاخیرکے اتنے زیادہ عادی ہوگئے ہیں کہ کبھی غلطی سے ٹرین اپنے مقررہ وقت پر اسٹیشن پر آجائے یا اسٹیشن سے روانہ ہوجائے تو حیرت ہونے لگتی ہے ۔ تاہم دنیا میں ایسے ممالک بھی موجود ہیں جہاں ٹرین کی مقررہ وقت پر روانگی کو یقینی بنایا جاتا ہے اور مقررہ وقت سے تاخیر یا جلدی روانگی پر انتظامیہ اسے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگتی ہے۔ایسا ہی کچھ جاپان میں ہوا ہے جہاں ایک ریل کمپنی نے ٹرین کی جلد روانگی پر عوام سے معافی مانگی ہے۔

جاپان کے شہر ٹوکیو اور سکوبہ شہر کے درمیان چلنے والی سکوبہ ایکسپریس لائن  کو 9 بج کر 44 منٹ اور 40 سکینڈ پر روانہ ہونا تھا مگر ٹرین اپنے مقررہ وقت سے 20 سیکنڈ پہلے یعنی  9 بج کر 44 منٹ اور 20 سیکنڈ پر روانہ ہوئی۔جس پرریل انتظامیہ  نے اس واقعے کے حوالے سے شہریوں کو پیش آنے والی مشکل پر معافی مانگی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ غلطی اس لیے ہوئی کیونکہ کمپنی کے عملے نے ٹرین کی روانگی کے ٹائم ٹیبل کو صحیح طرح چیک نہیں کیا تھا۔ بیان میں انتظامیہ کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ کسی بھی صارف نے جلدی روانگی پر کوئی شکایت نہیں کی لیکن ہم پھر بھی معافی کے طلبگار ہیں۔

واضح رہے کہ جاپان کا ریلوے نظام دنیا کے بہترین ریلوے نظاموں میں سے ایک ہے اور یہاں کسی ٹرین کے متعین وقت کے علاوہ روانہ ہونا انتہائی حیران کن امر ہے۔

دنیا بھر کے صارفین نے جاپان کی ریل کمپنی کی جانب سے معافی مانگے جانے کے عمل کو سراہا ہے۔ ایک صارف نےریل انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ  انہوں نے برطانیہ میں ایسا کبھی کچھ نہیں دیکھا۔

ایک اور صارف نے ٹوئٹ کیا کہ جاپان میں ٹرین کی 20 سیکنڈ جلدی روانگی پر انتظامیہ کی جانب سے معافی مانگے جانے کے عمل پر سمجھ نہیں آرہا کہ رویاجائے یا ہنسا جائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔