انڈر19 ایشیا کپ؛ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ افغانستان سے ہو گا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 17 نومبر 2017
دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان نے نیپال کیخلاف 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی،فوٹو:فائل

دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان نے نیپال کیخلاف 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی،فوٹو:فائل

کوالالمپور: افغانستان کی ٹیم نے بھارت کو اپ سیٹ شکست دینے والی نیپالی ٹیم کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی۔

اے سی سی انڈر19 ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا، آج جمعہ کو کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان نے 7 وکٹ کیساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔

کوالالمپور میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیپال کی ٹیم 28 اوورز میں صرف 103رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، انیل ساہا نے ففٹی بنائی، ان کے سوا کوئی بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل ہوسکا، افغانستان کی جانب سے مجیب نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 28 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، ، قیس احمد 2 وکٹیں لے اڑے، دو بیٹسمین رن آﺅٹ ہوئے۔

افغانستان نے 18 اوورز میں ایک وکٹ پر 94 رنز بنائے تھے کہ بارش نے مداخلت کردی، کھیل دوبارہ شروع ہونے پر افغان ٹیم نے مزید 2 وکٹیں گنواکر 20.3 اوور میں ہدف عبور کر لیا، اوپنر رحمان اللہ نے 71رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے سیمی فائنل میں ناقابل شکست بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ پر 2 رنز سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، پاکستان اور افغانستان کے مابین فیصلہ کن مقابلہ 19 نومبر کو ہو گا، ایونٹ کے لیگ میچ میں افغانستان کی ٹیم گرین شرٹس کو 7 وکٹ سے مات دے چکی ہے۔  

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔