امارات کے ورک ویزے کیلیے اچھے چال چلن کا سرٹیفکیٹ لازمی قرار

ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں ملازمت حاصل کرنےکیلیے ویزا درخواست کے ساتھ اچھے چال چلن کا سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا اور یہ سرٹیفکیٹ پاسپورٹ کے ساتھ لازمی قرار دیا جائے گا۔

تمام ممالک کے ساتھ ساتھ یہ شرط پاکستانیوں پر بھی عائد ہو گی اور روزگار کیلیے یو اے ای جانے کے خواہشمندوں کو حکومت سے کیریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہو گا۔ امارات کی اعلیٰ سطح کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 4فروری 2018سے یو اے ای میں ملازمت حاصل کرنے والے افراد کے لیے ویزا درخواست کے وقت اپنا کیریکٹر سرٹیفکیٹ بھی دینا ہوگا۔یہ سرٹیفکیٹ اس ملک کی جانب سے جاری کیا جائے گا جس میں درخواست گزار گزشتہ 5 سال سے رہائش پذیر ہوگا۔ اس سرٹیفکیٹ کی تصدیق حکومت اور متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ سے بھی لازمی ہوگی۔

یہ سرٹیفکیٹ ملازمین کے لیے ہوگا، ایسے افراد جو یو اے ای میں وزٹ ویزے پر آئیں گے ان کے لیے اچھے چال چلن کی تصدیق لازمی نہیں ہوگی اور ایسے افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ متحدہ عرب امارات حکومت کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی میں مختلف سرکاری اداروں کے افسران شامل ہیں، کمیٹی اہلکاران کے مطابق پرامن ، دیرپا اور مستحکم معاشرے کے قیام کے لیے ایسے اقدامات کرنا انتہائی ضروری تھے۔ اماراتی حکومت کا عزم ہے کہ یو اے ای کو دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں سے ایک ملک بنایا جائے۔