بلوچستان حکومت ہم نے نہیں اُن کے اپنے لوگوں نے گرائی، عبدالغفور حیدری

کوئٹہ: جے یو آئی کے مرکزی رہنما ڈپٹی چئیرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ بلوچستان حکومت ہم نے نہیں اُن کے اپنے لوگوں نے گرائی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا عبدالغفور حیدری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے صرف گرتی ہوئی دیوار کوایک دھکا اور دیا ہے جب کہ درحقیقت بلوچستان حکومت ہم نے نہیں اُن کے اپنے لوگوں نے گرائی ہے۔

عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ 70 برس سے وہ مقاصد حاصل نہ ہو سکے جس کے لیے اکابرین نے ملک بنایا، سی پیک انتہائی اہم منصوبہ ہے اور چند جماعتیں نہیں چاہتیں کہ یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے جبکہ بھارت بلوچستان میں بدامنی پھیلا کر پاکستان میں معاشی عدم استحکام چاہتا ہے۔