افغان تاجر نے ابوظہبی کے ولی عہد کی خطیر رقم کی پیشکش ٹھکرا دی

ابوظہبی: افغان شہری نے عرب امارات کے بانی و سابق سربراہ کے بیٹے شیخ محمد کو شیخ زید النہان کی  تصاویر پر مشتمل قالین فروخت کرنے سے انکار کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عرب امارات کے بانی و سربراہ شیخ زید النہان کے بیٹے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد کو ان کے ہی شہر میں واقع ایک افغان دکاندار نے قالین فروخت کرنے سے انکار کردیا۔

ولی عہد شیخ محمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر واقعے کی تصاویر شائع کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں نے ایک دکان کا دورہ کیا جہاں ایک قالین پر میرے والد کی تصویر بنی ہوئی تھی، میں نے افغان دوکاندار کو مہنگے داموں قالین فروخت کرنے کی پیشکش کی لیکن اس نے پرکشش پیشکش کے باوجود قالین فروخت کرنے سے انکار کردیا اور بے ساختہ کہا کہ یہ بابا زید ہیں، یہ الفاظ شیخ زید مرحوم سے بے پناہ محبت اور اس دوکاندار کے دل میں ان کے مقام کو ظاہر کررہے تھے،  یہ وہ محبت کی کہانی ہے جو شیخ زید کے لئے لوگوں کے دلوں میں موجود ہے۔

شیخ محمد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات عالمی سطح پر محبت، رواداری اور باہمی بقا کے اس نمونے پر کاربند ہے جو میرے والد نے مقرر کیا تھا اور اس کے ذریعے انہوں نے دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں کے دلوں میں گھر کیا، عرب امارات میں بھی دنیا بھر کے باشندوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو ہم سے محبت کرتے ہیں اور ہمارے ساتھ  رہتے ہوئے ہمارے خوابوں اور امیدوں میں شریک ہیں، ایسے تمام لوگوں سے ہم کہتے ہیں کہ امارات آپ کا دوسرا ملک ہے۔