مالی حیثیت، تجربہ اور عوامی مقبولیت، تحریک انصاف کی امیدوار کی نامزدگی کیلیے شرائط

لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی نامزدگی کا 3 نکاتی فارمولہ ترتیب دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئندہ عام انتخابات کے لیے تحریک انصاف نے امیدواروں کی نامزدگی کے لیے لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔ جس کے تحت تحریک انصاف نے صرف مضبوط امیدواروں کو ہی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا۔

عمران خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تحریک انصاف ملک بھر میں سب سے زیادہ انتخابی حلقوں میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی، امیدواروں کے لیے ٹکٹوں کے فیصلے پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے ذریعے خود کروں گا، اس بار کوئی ٹکٹ نہیں فروخت کرسکے گا، امیدواروں کا کوئی خاص کوٹہ نہیں ہوگا، صرف مضبوط امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا جائے گا، اُس امیدوار کو فوقیت دی جائے گی جو مالی اعتبار سے مستحکم ہو، الیکشن لڑنے کے طریقہ کار پر عبور رکھتا ہو اور حلقے کے عوام میں مقبول ہو۔