ایمنسٹی اسکیم؛ ڈالر کی طلب دگنی، قیمت 117 روپے سے بھی تجاوز

 کراچی:  اوپن کرنسی مارکیٹ میں رواں ہفتے کے ابتدائی 4 یوم کے دوران روپے کے مقابل ڈالرکی قدر 70 پیسے کے اضافے سے جمعرات کو 117.50 روپے ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی یومیہ ڈیمانڈ 3 ملین سے بڑھ کر5 ملین ہوگئی ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈالر کی قدربڑھی لیکن انٹربینک ریٹ115 روپے72 پیسے پرمستحکم رہے جس سے انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کا فرق 1 روپے 78 پیسے تک پہنچ گیاہے۔

دیگر اہم غیرملکی کرنسیوں کی قدر میں بھی گزشتہ 4 روز کے دوران اضافہ ہوا، ان میں یورو کی قدر1 روپے10 پیسے بڑھ کر146 روپے10 پیسے، برطانوی پاؤنڈ کی 50 پیسے بڑھ کر167 روپے 80 پیسے، سعودی ریال 30 پیسے کے اضافے سے31 روپے55 پیسے اور اماراتی درہم کی قدر 20 پیسے بڑھ کر 32 روپے25 پیسے ہو گئی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک محمد بوستان نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ پراپرٹی کی خریداری فائلرسے مشروط کیے جانے سے انویسٹرز نے اوپن کرنسی مارکیٹ کا رخ کرلیا ہے، ایمنسٹی اسکیم کے تحت ڈالرمیں غیرظاہرکردہ آمدنی کو2فیصد ادائیگی میں سفید کرنے کی وجہ سے ڈالر کی طلب دگنی ہو گئی، مزید ڈی ویلیوایشن کی پھیلنے والی افواہیں بھی روپے کی قدر میں تنزلی کا باعث ہیں۔