متبادل توانائی ڈیولپمنٹ بورڈ اور عالمی بینک کے درمیان معاہدہ

اسلام آباد: پاکستان نے عالمی بینک کے تعاون سے متبادل توانائی اور انرجی کنزرویشن کے ذریعے توانائی بحران پر قابو پانے کیلیے ملک بھر میں گیس گینررز کے بجائے سولر واٹر ہیٹرز کے استعمال کو فروغ دینے کیلیے تفصیلی سٹڈی کروانیکا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں متبادل توانائی ڈیولپمنٹ بورڈ (اے ای ڈی بی) اور عالمی بینک کے درمیان باضابطہ طور پر معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں گیس گینررز کی بجائے سولر واٹر ہیٹرز کے استعمال کو فروغ دینے کیلیے تفصیلی سٹڈی کی جائے گی تاکہ گیس کی بچت کو یقینی بنایا جاسکے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر اے ای ڈی بی کے سی ای او عارف علائو الدین نے کہا ہے کہ حکومت متبادل توانائی کے وسائل کو متعارف کروانے کیلیے تمام تر اقدامات کررہی ہے تاکہ توانائی کی بچت کی جاسکے، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں متبادل توانائی کے وسائل پر انحصار بڑھتا جارہا ہے اور پاکستان بھی ترقی یافتہ ممالک کی پیروی کرتے ہوئے متبادل توانائی کے وسائل کواختیار کرنے کی بھرپور کاوشیں کررہا ہے۔