سعودی عرب: سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی

ریاض: سعودی عرب میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی جب کہ جزیرہ نما عرب میں  بارشوں کا 25 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور اس کے ہمسایہ خلیجی ریاستوں میں گذشتہ جمعہ کو بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس میں اب تک 16 افراد جاں بحق اور متعدد لاپتہ ہو گئے ہیں۔  طوفانی بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے سعودی عرب کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں جب کہ سیلاب نے سعودی دارلحکومت ریاض، جنوبی، مغربی اور مشرقی علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ سیلابی ریلے میں متعدد گاڑیاں بھی بہہ گئی اور سیکڑوں گھر مکمل طور پر پر تباہ  ہو گئے جب کہ لوگوں نے درختوں اور عمارتوں کی چھتوں پر چڑ کر اپنی جان بچائی۔

 سیلاب کے باعث کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہے جبکہ آمدورفت کا نظام بھی شدید متاثر ہوا، ریسکیو ٹیمیوں کی مدد سے  درجنوں  لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے جب کہ  سعودی حکام نے شہریوں کو میدانی علاقوں اور وادیوں میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں 2011 ء میں سیلاب کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جب کہ  2009  میں جدہ ہی میں 123 افراد طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب کی نذر ہوگئے تھے۔