اقوام متحدہ نے کشمیر رپورٹ پر بھارتی الزامات مسترد کر دیے، پاکستان

 اسلام آباد:  دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے کشمیر رپورٹ پر بھارتی الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق بھارت کی طرف سے اقوام متحدہ کی پہلی رپورٹ مسترد کیے جانے پر شدید مایوسی ہوئی ہے، اپنے ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے تحفظات کو دور کرنے میں ناکام رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق رپورٹ میں بھارتی پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور بھارتی ذرائع ابلاغ سمیت بھارت کے سرکاری ذرائع کے حوالے دیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوششوں پر تشویش ہے، کشمیر رپورٹ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں لوگوں کے انسانی حقوق سے متعلق ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی رپورٹ کی سفارشات کے مطابق تحقیقاتی کمیشن کے آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے دورے کا خیر مقدم کرتا ہے۔