اسرائیلی فوج نے ایک اور فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا

ویسٹ بینک: اسرائیلی فوج نے ویسٹ بینک کے شہر بیت اللحم میں آپریشن کے دوران فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ویسٹ بینک کے شہر بیت اللحم میں کارروائی کے دوران 15 سالہ نوجوان فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا جب کہ چھاپے کے دوران  11 افراد کو حراست میں بھی لیا۔

وزارت صحت کے مطابق 15 سالہ تھائر مظہر بیت اللحم کے پناہ گزین کیمپ میں رہائش پذیر تھا جسے اتوار کی رات کو اسرائیلی فوج نے سینے پر گولی مار کر شہید کیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت اللحم کے کیمپس پر دھاوا بولا اور اس دوران فائرنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا جس میں 2 نوجوان زخمی بھی ہوئے۔ دوسری جانب اسپتال ذرائع نے بھی 2 نوجوانوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔