اسپاٹ فکسنگ: شاہ زیب حسن کی سزا ایک سال سے بڑھا کرچار سال کر دی گئی

لاہور: اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ بلے بازشاہ زیب حسن پر کرکٹ کھیلنے کی پابندی کی سزا ایک سال سے بڑھا کر 4 سال کردی گئی ہے۔ 

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث شاہ زیب حسن کی سزا ایک سال کی بجائے چار سال کر دی گئی ہے جب کہ 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی برقرار رکھا گیا ہے۔  کیس میں تین رکنی ٹریبیونل نے سماعت کے بعد اوپنر کو ایک سال پابندی اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی، شاہ زیب حسن نے جرمانے میں کمی جب کہ پی سی بی نے سزا بڑھانے کی اپیل کی تھی، جس پر آزادنہ ایڈ جوڈیکیٹر نے فیصلہ سنا دیا۔

واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شرجیل خان پر ڈھائی سال معطل سمیت پانچ سال پابندی جبکہ خالد لطیف کو پانچ سال پابندی کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ دونوں کرکٹرز کی اپیلیں بھی ٹریبیونل میں مسترد ہو چکی ہیں۔ اسی کیس میں سہولت کاری کے ملزم ناصر جمشید کو تحقیقات میں عدم تعاون پر ایک سال کےلیے معطل کیا گیا تھا جب کہ فکسنگ الزامات میں ان کے کیس کی ٹریبیونل میں سماعت مکمل اور فیصلہ محفوظ کیا جا چکا ہے۔