ملک بھر میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے ملک میں شاہراہوں کے منصوبوں پرکام کرنیوالے چینی باشندوں کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس کو دستیاب ایک مراسلے کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے اپنے تعمیراتی منصوبوں کی انتظامیہ کوہدایت کی گئی ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے مختلف منصوبوں پر چینی باشندے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ لہذامتعلقہ پراجیکٹ انتظامیہ ان چینی باشند وں کی سکیورٹی یقینی بنائے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے شاہراہوںکی تعمیراتی منصوبوں کی انتظامیہ کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ بی ایس 17کا ایک رابطہ کا ر افسر تعینات کیاجائے جو چینی باشندوں کی سکیورٹی کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے رابطے میں رہے۔اس سلسلے میں این ایچ اے کی جانب سے منصوبوں کی انتظامیہ سے چینی باشند وں کی سکیورٹی کلیئرنس رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔