عمران خان نے وزارتوں سے متعلق اہم فیصلے کرلیے

 اسلام آباد: وزارت عظمیٰ کے مضبوط امیدوار اور پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے آئندہ حکومت میں وزارتوں سے متعلق اہم فیصلے کر لیے ہیں۔

وفاقی کابینہ 20 اگست کو حلف اٹھائے گی۔ اس حوالے سے چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہے اور وزارتوں سے متعلق اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عبدالرزاق داوٴد کو وزیراعظم کا مشیر برائے تجارت اور بابر اعوان کو مشیرِ قانون بنایا جاسکتا ہے۔ عمران خان نے وزارت داخلہ کا قلمدان فی الحال اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا، تیاریاں مکمل

شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ کا قلمدان دیا جائے گا۔ وزارت دفاع کے لیے پرویز خٹک اور وزارت خزانہ کے لیے اسد عمر کا نام زیر غور ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے لیے فواد چوہدری مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔ وزارت پانی و بجلی اور وزارت توانائی کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے انیسویں وزیراعظم کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا اور وزارت عظمیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شہباز شریف میدان میں ہیں۔