ہری پور: مسافروین کو حادثہ، ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

ہری پور: سرائی گدائی پل پر مسافر وین کو پیش آنےوالے حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدقسمت متاثرین اتوار کی علی الصبح اپنے عزیز کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر رخصت کرنے کے بعد واپس ایبٹ آباد جا رہے تھے کہ سرائی گدائی پل پر تیز رفتاری کے باعث وین کا ٹائی راڈ ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں وہ پل سے نیچے جاگری، حادثے کے وقت وین میں 22 افراد سوار تھے، جن میں سے 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو ہری پور ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا جہاں سے 3 زخمیوں کوایبٹ آباد منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی رشیدہ بی بی، سعیدہ بی بی اور پانچ بچے انوشہ، ثمینہ، مہرین، رابعہ اور سنی کے ناموں سے شناخت ہوئی ہے۔