بچے کے اغوا کا الزام، ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیدیا گیا

کراچی: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج غلام مصطفی میمن نے انٹرنٹ سے دوستی کرکے بچے کو تاوان کی غرض سے اغواکرنے کے الزام میں گرفتار تیمور علوی کو 10 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا۔

منگل کو اے وی سی سی نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے فاضل عدالت میں پیش کیا تھا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر عبدالمعروف نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی نشاندہی پر مفرور ملزمان کو گرفتار کرنا ہے ، فاضل عدالت نے6جون تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا،استغاثہ کے مطابق ملزمان ارسلان اور تیمور نے انٹرنیٹ پر چیٹنگ کردوران ڈیفنس کے رہائشی13سالہ مصطفی سے دوستی کی اور لنچ پر بلوایا تھا ملزمان نے اسکول سے اسے اغواکرلیا تھا۔

دریں اثنا مومن آباد بم دھماکا کے الزام میں گرفتار رکشا ڈرائیور عارف خان کے ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی اور منگل کو پولیس نے عدالت کو بتایا کہ دوران تفتیش ملزم کے خلاف کوئی شواہد نہیںموصول ہوئے تاہم 497(2) ضابطہ فوجداری کی ایکٹ کے تحت بے گناہ ہونے سے متعلق رپورٹ اعلی حکام کو ارسال کردی ہے تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا جس پر فاضل عدالت نے ریمانڈ 3 روز کی توسیع کردی۔