پی آئی اے کی پرواز بیگم کلثوم نواز کی میت لے کر وطن روانہ

 لندن: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی میت لندن سے پاکستان کے لیے روانہ کردی گئی جو آج صبح لاہور پہنچے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق خاتون اول کلثوم نواز کی اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹ پارک مسجد لندن میں نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ شہباز شریف، حسن، حسین نواز، چودھری نثار اور اسحاق ڈار کے علاوہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ امام شیخ خلیفہ عزت نے پڑھائی۔

بعدازاں ان کی میت قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لاہور روانہ کردی گئی جو کہ آج صبح پہنچے گی۔ انہیں اپنے سسر میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ مرحومہ کے دونوں بیٹے حسین اورحسن نواز اپنی والدہ کی تدفین میں شرکت نہیں کرسکیں گے، میت کے ہمراہ صاحبزادی اسما نواز، داماد عثمان ڈار اور حسین نواز کے دو بیٹے اور دیگر وطن آرہے ہیں۔

لاہور میں نماز جنازہ اور تدفین کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جمعے کو 5 بجے شریف میڈیکل کمپلیکس میں مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ 5 روز کے لیے پیرول پر رہا نواز شریف، مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر جاتی امرا میں موجود ہیں۔