ایشیا کپ میں قومی ٹیم سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے، جاوید میانداد

 کراچی:  سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے بہترین بیٹسمین جاوید میانداد نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔

ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہاکہ کرکٹ چانس کا کھیل ہے جو ٹیم ملنے والے موقع سے فائدہ اٹھائے وہ کامیاب رہتی ہے۔ ایشیا کپ میں شریک سب ٹیمیں بہتر تاہم یہ بات درست ہے کہ جو ٹیم زیادہ اچھی ہو اس پر دباؤ بھی زیادہ ہوتا ہے، ایونٹ میں شریک افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو آسان نہ لیا جائے، وہ آگے بڑھ رہی ہے اور ناکامی کا بھی خوف نہ ہونے کے سبب اس پر کوئی دباؤ بھی نہیں ہوگا۔

ایک سوال پر جاوید میانداد نے کہا کہ میرے خیال سے اس فارمیٹ میں ٹیم کو 6 بولرز کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی، اگر کسی ٹیم میں اچھے بولرز ہوں تو وہ جیتنے کی پوزیشن میں ہوتی ہے، دراصل بولرز ہی میچ ونرز ہوتے ہیں،انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اس کی بیٹنگ عمدہ اور بولرز بھی شاندار ہیں، دوسری جانب بھارت کے پاس مضبوط بیٹنگ لائن تو موجود لیکن اچھے بولرز کی کمی کا سامنا درپیش ہے۔

جاوید میانداد نے کہا کہ ایشیا کپ میں بہتر نتائج کے لیے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، ایک اچھا کھلاڑی میچ جتواتا بھی ہے جبکہ کوئی ایک پلیئر ناکامی کا بھی سبب بنتا ہے، انھوں نے قومی اسکواڈ میں شامل ٹاپ کرکٹرز کے حوالے سے کہاکہ ان کو دوران مقابلہ اپنی ذمہ داری بھر پور طریقے سے سر انجام دینا ہوگی۔

ایونٹ میں ویرات کوہلی کی عدم شرکت کے حوالے سے جاوید میانداد نے کہا کہ وہ بھارتی ٹیم کا اہم جزو ہیں، اچھے کھلاڑی کی موجودگی کسی بھی ٹیم کے لیے ایڈوانٹیج ہوتی ہے، ویرات کوہلی کے بغیر بھی بھارتی ٹیم اچھی ہے۔