سرفرازاحمد سلیکشن میں تسلسل برقراررکھنے کے خواہاں

 دبئی:  سرفراز احمد ورلڈکپ تک سلیکشن میں تسلسل برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔

دبئی میں ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہاکہ تمام ٹیموں کی طرح ہم بھی ورلڈکپ 2019کی تیاری کررہے ہیں، نوجوان کرکٹرز کو مواقع دینے کا تجربہ اچھا رہا، چیمپئنز ٹرافی کے بعد بھی نیا ٹیلنٹ افادیت ثابت کررہا ہے،ہم میگا ایونٹ سے قبل زیادہ تبدیلیاں نہیں کرنا چاہتے،کھلاڑیوں کا ایک پول تیار ہے،ضرورت پڑنے پر متبادل کو طلب کیا جا سکے گا، فی الحال موجودہ کرکٹرز کو زیادہ موقع دینا مناسب ہوگا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ اگرچہ میگا ایونٹ کی تیاری کا سفر شروع ہوچکا تاہم فی الحال پوری توجہ ایشیا کپ پر مرکوز رکھتے ہوئے ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے۔ اس دوران مضبوط ٹیموں کیخلاف کھیلتے ہوئے اپنی طاقت اور کمزوریوں کا بھی اندازہ ہوجائے گا۔

کپتان نے کہا کہ ایشیائی ٹورنامنٹ کے بعد ہمیں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں بھی بہتر ہوم ورک بہتر کرنے کا موقع ملے گا، جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز نوجوان کرکٹرز کیلیے ایک چیلنج اور سیکھنے کا اچھا موقع ہوگی،امید ہے کہ ورلڈکپ تک ہمارا اسکواڈ متوازن اور تمام ہتھیاروں سے لیس ہوجائے گا۔

دوسری جانب گزشتہ روز بھی پاکستانی کرکٹرز نے دبئی میں قائم آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھا،ٹریننگ کا سہ پہر کو ہی آغاز ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کو سخت گرمی کا مقابلہ کرنا پڑا۔