الفلاح میں بچیوں کو اغوا کرنے والا ملازم رنگے ہاتھوں گرفتار

کراچی: الفلاح پولیس نے بچیوں کو اغوا کرنے والے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا، ملزم بچیوں کے منہ پر رومال ڈال کر لے جانے کی کوشش کررہا تھا ، بچیوں کی چیخ و پکار پر اہل محلہ بھی جمع ہوگئے تھے۔

گزشتہ روز الفلاح میں علاقہ مکینوں نے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑا جو2 بچیوں کے منہ پر کپڑا ڈال کر انھیں اغوا کرنے کی کوشش کررہا تھا ، قریب ہی موجود پولیس موبائل بھی جائے واردات پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔

اس سلسلے میں ڈی ایس پی الفلاح قمر زمان نے ایکسپریس کو بتایا کہ 11 سالہ فاریہ بنت اسلم اور 6 سالہ سویرا بنت سراج اسکول سے چھٹی کے بعد واپس اپنے گھر جارہی تھیں کہ راستے میں ایک ملزم نے اچانک ان کے منہ پر کپڑا ڈالا اور انھیں اغواکرنے کی کوشش کی،اس دوران11 سالہ فاریہ نے شور شرابہ کیا اور اپنے آپ کو چھڑا کر بھاگی ، چیخ و پکار سن کر قریب موجود راہ گیر جمع ہوگئے اور انھوں نے فوری طور پر ملزم شیر خان کو پکڑا جس پر اس نے فرار ہونے کی کوشش کی اس دوران قریب ہی موجود پولیس موبائل بھی پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ، ملزم شیر خان علاقے میں گاڑیاں دھونے کا کام کرتا ہے۔

ابتدائی بیان میں ملزم نے بتایا کہ اس کا ارادہ بچوں کو اغوا کرنے کا نہیں تھا ، لوگوں نے غلط فہمی کی بنیاد پر اسے پکڑا ہے ، پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 241/18 بجرم دفعہ 364/اے کے تحت ملزم کے خلاف درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔