قائد کی جیب کے کھوٹے سکوں نے قوم کی منزل کھوٹی کردی‘ منورحسن

اسلام آباد / لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ قائد اعظم کی جیب کے کھوٹے سکوں اور ان کی اولادوں نے قوم کی منزل کو کھوٹا کردیا ہے۔ 65 سال میں برسر اقتدار آنے والی سول و فوجی اور ٹیکنوکریٹس کی حکومتوں نے اس کا نظریاتی تشخص چھین کر اسے سیکولر ملک بنانے کی کوشش کی۔

جامع مسجد منصورہ میں 33 ویں دورہ تفسیر القرآن کریم کی اختتامی تقریب سے خطاب میں ان کا کہناتھا کہ حکمران پالیسی سازی کیلیے ہمیشہ امریکاکی طرف دیکھتے رہے ۔مغربی طرزکے ایلیٹ اسکولوںمیں پڑھنے والے ہی اس ملک کے اقتدار پر قابض رہے جنھوں نے اسلام کو بطور نظام زندگی خود قبول کیا نہ اس کو پنپنے کا موقع دیا۔ برسراقتدار طبقہ اس بات کو تسلیم کرنے کیلیے تیارنہیںکہ تمام دنیاوی مسائل کاحل قرآن پیش کرتاہے۔

قیام پاکستان کے مقصد کوحاصل کرنے کیلیے تحریک پاکستان کی طرز پر پھر بڑی تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔ جب تک ہم قرآن کریم کواپنی زندگیوں کا مرکز و محورنہیں بناتے، مسائل سے چھٹکارا نہیں پاسکتے ۔ قاضی حسین احمد نے کہاکہ جن لوگوں نے قرآن کی تعلیم کو دنیا میں غالب کرنا تھا وہی اس کی راہ میںسب سے بڑی رکاوٹ بن چکے ہیں ۔