سوکا فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستان نے ’فیئر پلے‘ ایوارڈ جیت لیا

لسبن: سکس اے سائیڈ سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان نے شاندار نظم و ضبط اور عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ’فیئر پلے‘ ایوارڈ حاصل کرلیا جب کہ جرمنی نے  پولینڈ کو شکست دے کر ایونٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔

انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے زیر اہتمام پُرتگال کے شہر لسبن میں کھیلے جانے والے سوکا ورلڈکپ میں جرمنی فاتح ٹرافی کی اس وقت حق دار بن گئی جب اس نے فائنل میں پولینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-0 سے شکست دے دی۔

فائنل کا فیصلہ کن گول فاتح ٹیم کے نکلاس کوہلے نے اسکور کیا۔ میگا ایونٹ کے ٹاپ اسکورر فرانس کے مارک لوئنڈیلا اور امریکا کے اینڈریو ویبر بہترین گول کیپر قرار پائے۔

انٹر نیشنل سوکا فیڈریشن کے صدر شاہ زیب محمود ٹرنک والا نے بحیثیت مہمان خصوصی فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں میں ونر اور رنر ٹرافی کے علاوہ دیگر انعامات بھی تقسیم کیے۔

پاکستان گروپ ’بی‘ میں اسپین، رشیا اور مالڈوا کے ہمراہ موجود تھا۔ پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا لیکن انہیں اپنے تینوں مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم اسے پہلی بار قومی ٹیم کا عالمی سطح کے ٹورنامنٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ فتح و شکست سے قطع نظر پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے اپنے شاندار کھیل سے تمام ماہرین کوحیران کردیا۔

فیفا ورلڈ کپ کا فائنل راؤنڈ کھیلنے والا ملک مصر اور پاکستان کے مقابلے میں فیفا درجہ بندی میں نمایاں جگہ حاصل کرنے والی بھارت کی ٹیموں کو پہلے مرحلے میں بری طرح ناکامی کا داغ لگا انہیں لیگ میچز میں 25,25 گول کھانے کے بعد پہلے ہی مرحلے میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ پاکستان نے اسپین، روس اور مالڈوا کے خلاف مجموعی طور پر 16 گول کھائے۔

پاکستان کو شاندار ڈسپلن اور عمدہ کارکردگی پر میگا ایونٹ کی جیوری نے ’فیئر پلے ٹرافی‘ کے لیے منتخب کیا جو قومی ٹیم کی اپنی پہلی انٹری میں کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں۔