حمزہ کے قاتلوں کو فوری منطقی انجام تک پہنچایا جائے

کراچی: شاہ زیب قتل کیس کی طرح حمزہ کے قاتلوں کو بھی فوری طور پر گرفتار کر کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

گزشتہ دنوں ڈیفنس خیابان سحر میں معمولی تنازع پر سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے حمزہ  کے اہلخانہ اور دوستوں کی جانب سے اتوار کو اس ہی مقام پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں حمزہ کو فائرنگ کے قتل کیا گیا تھا ، احتجاجی مظاہرین میں مقتول کے اہلخانہ ، دوست اور علاقہ مکین شریک تھے جنھوں نے بینر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر چیف جسٹس سے واقعے کا نوٹس لینے اور حمزہ کے اہلخانہ کو فوری طور پر انصاف فراہم نے سے متعلق نعرے درج تھے۔

اس موقع پر احتجاجی مظاہرین شدید نعرے بازی کی اور متعلقہ حکام سے حمزہ کے قتل میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، اس موقع پر مقتول حمزہ کے والد کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے بیٹے کو انصاف فراہم نہیں کیا جائے گا، اس وقت تک پر امن احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا، انھوں نے اپیل کی ہے کہ حمزہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو بھی منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔