شائقین نے ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کو اوسط درجے کی فلم قرار دے دیا

ممبئی: بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش سمیت شائقین نے’ٹھگ آف ہندوستان‘ کو اوسط درجے کی فلم قراردے دیا۔

فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ آج بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردی گئی ہے۔ ریلیز سے قبل فلم سے متعلق بے شمار دعوے کیے گئے تھے تاہم بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش اور فلمی شائقین نے امیدوں کے برعکس ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کو مایوس کن قراردیتے ہوئے اوسط درجے کی فلم قرار دے دیا۔

بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہر چمکتی ہوئی چیز سونا نہیں ہوتی، فلم کے پہلے گھنٹے میں شامل کیے گئے سینز اتنے خاص نہیں تھے، فلم کا پلاٹ روایتی فارمولا ٹائپ تھا، اسکرین پلے قدرے بہتر تھا، تاہم فلم کی اوسط درجے کی کارکردگی کے اصل ذمہ دار ہدایت کار ہیں۔‘‘

صرف ترن آدرش ہی نہیں فلم دیکھنے والے دیگر شائقین نے بھی ٹوئٹر پر فلم کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ عامر خان نے ایسی فلم کیوں کی؟ ایک اور صارف نے لکھا فلم کی کہانی اور کردار بہت ہی کمزور تھے، تایانکی نامی صارف نے لکھا فلم نہایت بورنگ ہے،  اسے دیکھنا پیسے اور وقت کا ضائع کرنا ہے۔

واضح رہے کہ 325 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘رواں سال کی مہنگی ترین فلم ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کو اپنی لاگت پوری کرنے کے لیے باکس آفس پر ایک دن میں 50 کروڑ کمانے ہوں گے۔