سندھ کے پانی اور بجلی پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دینگے، شرجیل میمن

کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ سندھ کے پانی اور بجلی کے حصے پرکسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے ۔ 

منگل کوجاری کردہ اپنے ایک بیان میں انھوں نے  کراچی سمیت سندھ بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے دیہی اور شہری علاقوںمیں 16 گھنٹوں سے 20 گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ن لیگ سندھ کے عوام سے الیکشن میں شکست کا بدلہ لے رہی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ کو اتنی ہی بجلی دی جائے جتنی پیپلز پارٹی کی حکومت میں ملتی تھی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے سے قبل بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام اور حکومتی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے عوام کو نجات دلانے کے لیے ترجیحی بنیادوںپر مسئلہ حل کیاجائے ۔انھوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا امتحان نہ لیاجائے اور سندھ کو اس کے حصے کا پانی اوربجلی مہیا کی جائے۔انھوں نے واضح کیا کہ لوگوں کو وعدوں اور باتوں سے نہیں بہلایا جاسکتا بجلی کی فراہمی کے لیے عملی اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے پر فوری توجہ دے کر عوام کو ریلیف مہیا کیاجائے ۔صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے عوام کو یقین دلایا کہ پی پی پی حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلیے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی ۔