لاہور میں مچھلی منڈی پر چھاپہ، 750 کلو گرام باسی مچھلی تلف

 لاہور: سردیوں میں مچھلی کھانے والے ہوجائیں ہوشیار کیوں کہ شہر میں باسی مچھلی فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی آپریشنز اور ویجی لینس ونگ نے مشترکہ طور پر کارروائیاں کرکے مچھلی منڈی لوہاری گیٹ میں چیکنگ کے دوران 750  کلو گرام باسی مچھلی قبضے میں لے لی ہے جسے ویسٹ مینجمنٹ ڈمپنگ سائٹ پرتلف کردیا گیا۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے ایک اور کارروائی میں ممنوع شدہ گٹکے کے 15 ہزار پیکٹ برآمد کرلیے، گٹکا منہ کے کینسر اور دیگر موذی امراض کا سبب بنتا ہے، پنجاب پیور فوڈ ریگولیشن کے تحت گٹکے پر مکمل پابندی عائد ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق مزید بہتری کے لیے 37 فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں، خوراک کا کاروبار کرنے والوں کو ہر حال میں قوانین کے مطابق معیار برقرار رکھنا ہوگا، پنجاب فوڈ اتھارٹی کھیت سے پلیٹ تک، ہر قسم کی خوراک کی نگرانی کر رہی ہے۔