مقتدر اشرافیہ کے لئے ای سی ایل آفت کی مانند ہے، وزیراعظم

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خوبصورتی کو ہماری مقتدر اشرافیہ سے وہ قدر نہیں ملتی جس کی یہ حقدار ہے، یہی وجہ ہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) ان کے لئے ایک آفت کی مانند ہے۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان کے حسین مناظر کی تصاویر اور ویڈیو پوسٹ کرکے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ارضِ پاک کا مسحور کن حسن اور اس میں ملنے والا تنوع بے مثال ہے، لیکن مقامِ افسوس ہے کہ اس خوبصورتی کو ہماری مقتدر اشرافیہ سے وہ قدر نہیں ملتی جس کی یہ حقدار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) ان کے لئے ایک آفت کی مانند ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں اپنی دھرتی کی اس دلفریب شان و شوکت ہی کا تو گرویدہ ہوں، اسی لئے تو اس کے حصار میں خوش رہتا ہوں اور یہاں رہ کر اپنے لوگوں کی خدمت کرنا مجھے بے حد پسند ہے۔