امن بہترہونے پر سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی، سفیر نورالدین

 اسلام آباد: پاکستان میں متعین سری لنکا کے سفیر نورالدین محمد شاہدی نے کہاکہ پاکستان میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہونے کے بعد سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

سری لنکا کی عوام اور حکومت پاکستان کے ساتھ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رانا ٹنگا اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اچھے دوست ہیں، سری لنکا ورلڈ کپ کی فاتح اور پاکستان کی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے مابین نمائشی میچ کا اہتمام کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ جب عمران خان وزیر اعظم بنے تو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں سری لنکا کے قومی کرکٹرز نے خوب جشن منایا۔ بعد ازاں نجی ہوٹل میں منعقد ہونے والے کلچرل شو میں سری لنکا کے فنکاروں نے روایتی سری لنکن ڈانس پیش کرکے شائقین کے دلوں کو موہ لیا۔