انڈسٹری میں 100 کروڑ کا بزنس کرنے والے کو ہی اداکار سمجھا جاتا ہے، نواز الدین صدیقی

 ممبئی: بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی نے کہا ہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں 100 کروڑ کا بزنس کرنے والے کو ہی اداکار سمجھا جاتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نواز الدین صدیقی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ میں نے کبھی بھی اس بات کی فکر نہیں کی کہ فلم باکس آفس پر کتنا بزنس کرے گی، اگر میرا یہی ارادہ ہوتا تو میں اب تک فنی کیریئر میں بہت سارے گیت اور ڈانس فلمیں کرچکا ہوتا جو کہ کسی بھی اداکار کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

نواز الدین صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ابتداء سے یہاں یہ تاثر رہا ہے کہ سپر ہٹ فلم کرنے والے کو اچھا اداکار سمجھا جاتا ہے لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ مجھے بھی کچھ اس طرح کی فلموں میں کام شروع کردینا چاہیے جوکہ کامیڈی کے تڑکے سے بھرپور ہوں لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ میں ہمیشہ ویسی ہی فلم کرتا ہوں جس پر مجھے پورا یقین اور اعتماد ہوتا ہے لیکن اس طرح کی فلمیں بہت ہی کم دیکھی جاتی ہیں۔

واضح رہے کہ نواز الدین صدیقی اب تک ’بجرنگی بھائی جان، بدلہ پور، گینگ آف واسع پور اور منٹو‘ سمیت کئی فلمیں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جب کہ اُن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’ٹھاکرے‘ بھی باکس آفس چھائی ہوئی ہے۔