پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب، پاک فضائیہ نے 2 بھارتی طیارے مارگرائے

مطفر آباد: پاکستان نے بھارت کوکرارا جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی طیاروں کو مارگرایا جب کہ ایک بھارتی پائلٹ بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے آج بھارت کومنہ توڑجواب دے دیا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفورکے مطابق پاک فضائیہ نے پاکستانی حدود میں گھسنے والے دوبھارتی طیاروں کو مارگرایا جب کہ ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتارکرلیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ ایک بھارتی طیارے کا ملبہ آزاد جموں و کشمیرکی حدود جب کہ دوسرا بھارتی طیارہ مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جواب دینے کے لیے جگہ اور وقت کا تعین کرلیا بھارت اب انتظار کرے، ترجمان پاک فوج

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی طیارے مقبوضہ جموں کشمیرکے نوشہرہ سیکٹرمیں داخل ہوئے اوردو بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا۔ بھارت کے ہوائی اڈوں لیہ، جموں، سری نگر اور پٹھان کوٹ میں ہائی الرٹ کردیا گیا اورتمام پروازیں معطل کردی گئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ کوبڑھانا نہیں چاہتے مگرمجبور کیا گیا تو تیار ہیں جب کہ پاکستان نے دن کی روشنی میں کارروائی کرکے بھارت کو واضح طورپرمتنبہ کردیا ہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روزڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا تھا کہ بھارت اب سرپرائزکے لیے تیاررہے ہم نے جگہ اور وقت کا تعین کرلیا ہے۔