نشوہ ہلاکت؛ دارلصحت اسپتال کو سیل کرنے کے خلاف ہیں، خواجہ اظہار

 کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار نے کم سن نشوہ ہلاکت کیس میں دارلصحت اسپتال کو بند کرنے کی مخالفت کردی۔

ایم کیو ایم کے رہنماؤں خواجہ اظہار الحسن، محمد حسین سمیت 4 اراکین نے ڈومیسائل کے اجرا سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ غیر متعلقہ افراد کو ڈومیسائل جاری کرکے ملازمتیں دی جارہی ہیں، ڈومیسائل کے اجرا کیلئے کاغذات کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے۔

بعدازاں خواجہ اظہار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے طرز حکمرانی کے خلاف قانونی جنگ کا آغاز کردیا ہے، اس نے کوٹہ سسٹم کی آڑ لے کر شہری سندھ کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے، عدالت کو تمام ثبوت فراہم کردیے جس پر شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ایم کیو ایم نے ہمیشہ میرٹ پر نوکریاں دی تھیں۔

خواجہ اظہار نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر نہیں ان کے طرز حکمرانی پر اعتراض ہے، بلاول نے کہا تھا کہ میں وزرا پر ڈنڈا اٹھاؤں گا، لیکن انہوں نے ڈنڈا وزرا کے بجائے وفاق کے خلاف اٹھا لیا۔

نجی اسپتال کی غفلت اور غلط انجکشن سے جاں بحق بچی نشوہ سے متعلق خواجہ اظہار نے کہا کہ ہم نشوہ کے والد کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن دارلصحت اسپتال کو سیل کرنے کے خلاف ہیں، کیا تھر میں بچے نہیں مر رہے؟ نشوہ کا معاملہ پہلا نہیں، جان بوجھ کر کسی نے اس کی جان نہیں لی۔