اسلام آباد واقعہ؛ ملزمہ کنول کی درخواست ضمانت کی سماعت 4 ستمبر تک ملتوی

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جناح ایونیو فائرنگ کیس میں پولیس کو 4 ستمبر کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمہ کنول  کی درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے سکندر کی اہلیہ ملزمہ کنول کی درخواست ضمانت پر کیس کی سماعت کی، اس موقع پر ملزمہ کنول کی وکیل کوثر خالق نے عدالت کو بتایا کہ آج عدالت میں ضلع کچہری میں ہڑتال کے باعث سماعت ملتوی کر دی جائے، جس پر عدالت نے سماعت دو روز کو ملتو ی کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزمہ کا تمام ریکارڈ پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ 15 اگست کو اسلام آباد کے جناح ایونیو کو سکندر نامی شخص نے 5 گھنٹے سے زائد تک بندوق کی نوک پر یرغمال بنا رکھا تھا تاہم پھر پولیس اور اے ٹی ایف کے اہلکار پیپلز پارٹی کے رہنما زمرد خان کی مدد سے سکندر اور اس کی اہلیہ کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔