کراچی میں اگلے 3 روز کے دوران بارش کا امکان

کراچی: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 3 روز کے دوران شہر میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر کی جانب سے جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے اثرات شہر کی فضاؤں پر موجود ہے، جس کے نتیجے میں اگلے 3 روز کے دوران شہر کا مطلع جذوی اور مکمل ابرآلود رہنے جب کہ رات اور صبح کے اوقات میں کہیں ہلکی بارش اور کہیں بونداباندی اور پھوار پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر میں گرمی کازیادہ سے زیادہ پارہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،صبح کےوقت کم سے کم درجہ حرارت 27ڈگری ریکارڈ ہوا،دن کے وقت ہوا میں نمی کاتناسب 59فیصد ریکارڈ ہوا،سمندر کی جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواوں کی رفتار24کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر کا مطلع ابرآلود رہنے جب کہ ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔