ایس ایچ او کو 15 لاکھ روپے رشوت دینے والا اے ایس آئی گرفتار

کراچی: ایس ایچ او منگھوپیر نے 15لاکھ روپے کی رشوت دینے والے اپنے ہی تھانے کے اے ایس آئی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ایس ایچ او منگھوپیر انسپکٹر گل اعوان نے بتایا کہ جام چاکرو میں واقع زمین پر قبضہ کرانے کیلیے مائی گاڑی چوکی انچارج اے ایس آئی محمد مٹھل نے مجھے 15لاکھ روپے رشوت دینے کی کوشش کی جس پر انھوں نے رشوت کی رقم ضبط کرتے ہوئے پولیس افسر کو گرفتار کرکے اپنی مدعیت میں اس کے خلاف مقدمہ نمبر 282/19 بجرم دفعات 161 ، 165-A/34 اور انسداد رشوت ستانی کی دفعہ کے تحت درج کرلیا۔

مذکورہ زمین کے 3 دعویدار ہیں،ایک کی جانب سے وہاں پر کام بھی شروع کرا دیا گیا تھا جسے انھوں نے بند کرایا تھا،مقدمے میں ایک لینڈ گریبر لطیف رند کو بھی نامزد کیا گیا ہے جس کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ منگھوپیر تھانے کی حدود میں کسی کو بھی زمین پر قبضہ کرنے یا رشوت کی بدولت پولیس کو خریدنے کی ہرکوشش کو نہ صرف ناکام بنایا جائے گا،اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔