کراچی سے استعمال شدہ سولر پینلز سے بھرا کنٹینر چوری

کراچی:  پاکستان کسٹمز نے پورٹ قاسم انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل میں نیلامی کی غرض سے رکھے ہوئے ایک کروڑروپے سے زائدمالیت کے استعمال شدہ سولر پینل سے بھرے کنٹینر کی چوری کا انکشاف کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ پورٹ قاسم ٹرمینل کے متعلقہ اسٹاف نے مسعود جمیل وارثی اور محمد ہارون کے ساتھ مبینہ طور پر ملی بھگت سے نیلامی کے لیے رکھے ہوئے ایک کروڑ 23 لاکھ 4 ہزار 166روپے مالیت کی استعمال شدہ سولرپینل کی ایک لاٹ میں سے 695 استعمال شدہ سولرپینلز کو جعلی دستاویزات اورڈیلیوری آرڈر نمبر 0097 اور جعلی بینک چالان نمبر 3854 کے ذریعے ٹرمینل سے غائب کیا ہے۔

ذرائع نے ایکسپریس کوبتایاکہ کسٹمزپورٹ قاسم کلکٹریٹ نے درآمد ہونے والے استعمال شدہ سولر پینل کے مذکورہ کنسائمنٹس کی بے قاعدگی کے باعث کلیئرنس نہیں کی تھی اور کنسائمنٹ کو ضبط کر کے اسے نیلام کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کی انتظامیہ اور اسٹاف کی ملی بھگت سے استعمال شدہ 695 سولرپینل کی ایک لاٹ جعلی دستاویزات پر غائب کر دی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ نشاندہی پر مسعود جمیل وارثی، محمدہارون اورقاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کے متعلقہ اسٹاف کے خلاف باقاعدہ مقدمہ نمبر کیو 132 درج کر لیا گیا ہے۔