جہاز میں خواتین کی ویڈیو بنانے پر مسافر گتھم گتھا ہوگئے

کراچی: کراچی آنے والے قومی ایئرلائن کے طیارے میں مسافردوران پروازلڑ پڑے جب کہ فضائی میزبانوں کی جانب سے بیچ بچاؤ کے باوجود نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق ملتان سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 331میں دوران پروازمسافر آپس میں لڑپڑے،پرواز میں سوارایک مسافر نے دوسرے مسافر پر الزام لگایا کہ وہ جہازمیں بیٹھی خواتین کی اپنے موبائل سے ویڈیو بنارہا تھا۔

ذرائع کا کہناہے کہ ویڈیو بنانے کے معاملے کو لے کردونوں مسافردوران پرواز ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے۔ اس دوران جہاز کے عملے کی تمام ترکوششیں بے کارثابت ہوئیں۔

بعدازاں قومی ایئرلائن کی پرواز جناح ٹرمینل پر لینڈہونے کے بعد جہاز کے عملے نے سیکیورٹی اداروں کو طلب کیا اورمبینہ طورپرویڈیو بنانے والے مسافرکوحراست میں لے لیا گیا۔