29 اور 30 اکتوبر کو ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ

کراچی: چھوٹے تاجروں نے مرکزی تنظیم تاجران کی اپیل پرمنگل 29 اور بدھ 30اکتوبرکو 2 روزہ ملک گیرشٹرڈاؤن ہڑتال کافیصلہ کرلیاہے۔

مرکزی تنظیم تاجران کے صدر کاشف چوہدری نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ چھوٹے تاجروں کے دیگر مسائل کے علاوہ خریدوفروخت پر قومی شناختی کارڈ کی شرط کاخاتمہ ہے لہذاایف بی آر خریدوفروخت پر شناختی کارڈ کی شرط کو موخر کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کرے۔

انھوں نے کہاکہ چھوٹے تاجر اب ایف بی آر کے زبانی وعدوں و اعلانات پر اعتبار نہیں کرسکتے کیونکہ تاجربرادری کو اس بات کا یقین ہوگیاہے کہ ایف بی آر متعددباروعدے کرنے کے باوجود عملی اقدام کیلیے آئی ایم ایف کے ہاتھوں مجبورہے۔

انھوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ فکسڈ ٹیکس اسکیم کے اجرا  اور تاجروں کی سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن کے خاتمے کا قانون بنانے کا اعلان کرے۔انھوں نے کہاکہ تاجروں کو ودہولڈنگ ایجنٹ بنانے کا خاتمہ ،ٹرن اوور ٹیکس کو 1.5سے صفراشاریہ 25فیصد کرنے ،آڑھتیوں کی لائسنس فیسوں میں کمی کا قانون مرتب کیاجائے۔

کاشف چوہدری نے کہاکہ مرکزی انجمن تاجران کی تجاویز کے مطابق حکومت اردو میں آسان و سادہ ٹیکس ریٹرن / ویلتھ فارم صدارتی آرڈیننس کے تحت جاری کرے۔ انہوں نے کہاکہ ھمارے مطالبات پر قانون سازی یا صدارتی آرڈیننس کے اجرا  تک ہڑتال موخر نہیں ہوسکتی ہے۔ لہذا29,30 اکتوبر کو بہر صورت ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی۔

انھوں نے ملک بھر کے چھوٹے تاجروں سے کہاکہ وہ افواہوں اور ایف بی آر کی غلط بیانیوں پر کان نہ دھریں۔ حکومت جیولرز ،موبائل ،فرنیچر ، آٹو ،ماربل ،ٹیکسٹائل سیکٹرز کے مسائل کو ہماری قابل عمل تجاویز کے مطابق حل کریتاکہ گزشتہ 2سال سے تجارتی مراکز مارکیٹوں شاپنگ سینٹرز میں ناگفتہ بہ کاروباری حالات بہتر ہوسکیں۔