نواز شریف کو ریلیف ملنے پر دیگر قیدی بھی علاج کے لیے سہولت مانگنے لگے

 اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے قیدی نے آنکھوں کی بینائی کا مسئلہ بتا کر عدالت سے علاج کی سہولت طلب کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیماری پر ریلیف ملنے کے بعد دیگر بیمار قیدی بھی عدالت سے رجوع کرنے لگے۔ اڈیالہ میں سزائے موت کے قیدی خادم حسین نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ بینائی کا مسئلہ ہے آنکھوں کے علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہرمن اللہ نے قیدی کی درخواست رٹ پٹیشن میں تبدیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے قیدی کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی اور درخواست پر سماعت بھی اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ خود کریں گے۔

چیف جسٹس نے چیمبر سماعت میں قیدی کی درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔