آسٹریا میں چور 50 ہزار یورو کی چاکلیٹ لوٹ کر فرار

ویانا: آسٹریا میں چوری کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جس میں چور ایک چاکلیٹ فیکٹری کو چکمہ دے کر 20 ٹن چاکلیٹ ٹرک میں بھر کر فرار ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے  مطابق آسٹریا میں واقع ایک چاکلیٹ فیکٹری سے چور نے بڑی مہارت کے ساتھ 20 ٹن چاکلیٹ ٹرک میں بھری اور فرار ہوگیا۔ فیکٹری انتظامیہ کے مطابق چوری ہونے والی چاکلیٹ کی قیمت 50 ہزار یورو سے زائد بنتی ہے۔

مقامی فیکٹری حکام کے مطابق چاکلیٹ بیلجیئم بھیجی جانی تھیں اور اس کی ترسیل کے لیے ہنگری کی کمپنی سے معاہدہ کیا گیا تھا تاہم ہنگری کی کمپنی نے  چیک ریپبلک کی کمپنی کو یہ ٹھیکا سونپ دیا جس کی وجہ سے فیکٹری کے عملے نے بغیر کسی شک و شبہہ کے چیک کمپنی کے ٹرک پر چاکلیٹ لاد دیے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پتا چلا ہے کہ چور نے فیکٹری حکام کو بتایا کہ اس کا تعلق سامان ترسیل کرنے والی کمپنی سے ہے اور اس نے جعلی دستاویزات بھی دکھائے اور چوری کے بعد انکشاف ہوا کہ ٹرک کی نمبر پلیٹ بھی چوری کی تھی اور ڈرائیور بھی متعلقہ کمپنی کا ملازم  نہیں تھا۔