آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع؛حکومت کو قانون سازی کیلیے تفصیلی فیصلے کا انتظار

 اسلام آباد: حکومت کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی کے لیے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے۔ 

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے بات چیت اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے قانون سازی پر مشاورت کی گئی، جب کہ وزیراعظم عمران خان نے نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے اپوزیشن سے مل کر جلد فیصلہ کرنے اور قانون سازی کے لئے ایوان کا ماحول سازگار بنانے کی ہدایت کی ۔

ذرائع کے مطابق حکومت کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی کے لیے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے اور سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد ہی قانون سازی کا فیصلہ کیا جائے گا، جب کہ حکومت کا تفصیلی فیصلے کی روشنی میں نظرثانی اپیل بھی دائر کرسکتی ہے۔