ہر طرز میں 100 میچز، اعزاز روس ٹیلر کا منتظر

ویلنگٹن:  کرکٹ کا ایک منفرد اعزاز نیوزی لینڈ کے سینئر بیٹسمین روس ٹیلر کا منتظر ہے۔

جمعے کے روز بھارت سے پہلے ٹیسٹ میں میدان میں اترتے ہی روس ٹیلر تمام فارمیٹس کے انٹرنیشنل مقابلوں کی سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن جائیں گے۔

حال ہی میں انھوں نے بھارت کے ہی خلاف 5 میچز کی سیریز کے دوران 100 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا، اب جمعے کو وہ اپنے کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ کھیلیں گے،اس سے قبل وہ 231 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں، اس طرح وہ تینوں فارمیٹس کے 100 یا زائد میچز کھیلنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بنیں گے۔