پی آئی اے کے 2 طیارے فضا میں ٹکرانے سے بال بال بچ گئے

 لاہور: پی آئی اے کے 2 طیارے فضا میں خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 352 کراچی سے اسلام آباد جارہی تھی جب کہ پی کے 785 اسلام آباد سے لندن کی جانب گامزن تھی۔ دونوں طیارے کوہاٹ کے اوپر سے گزر رہے تھے، اس دوران کراچی سے اسلام آباد آنے والا طیارہ لینڈنگ کے لیے بلندی سے نیچے آرہا تھا، طیارہ 26 ہزار فٹ بلندی پر تھا جب کہ پی آئی اے کی لندن جانے والی پرواز 15 ہزار فٹ بلندی پر تھی۔

ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی کی وجہ سے پی آئی اے کے دونوں طیاروں کا فاصلہ کم رہ گیا تھا۔ اسی دوران طیاروں میں موجود (ٹی سی اے ایس) ٹریفک کولیجن اینڈ ایوائیڈنس سسٹم فعال ہوگیا۔ طیاروں کے کپتانوں اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے درمیان ریڈیو کمونیکیشن کے ذریعے رابطہ قائم کیا گیا۔ پروازوں کے پائلٹس نے حاضر دماغی دکھائی، ایک اپنا طیارہ تیزی سے نیچے کی طرف لے گیا جب کہ دوسرا طیارے کو مزید بلندی پر لے گیا۔ اس طرح جہاں ایک خوفناک حادثے سے بچ گئے وہیں سیکڑوں مسافروں کی جانیں بھی بچ گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن نے واقعے کا نوٹس لے لیا جب کہ ڈی جی سی اے اے نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔