عالمی سیاحت میں 30 فیصد کمی، خسارہ 450 ارب ڈالر

جنیوا: عالمی سیاحت کی تنظیموں نے توقع ظاہر کی ہے کہ کورونا وائرس کے سبب رواں سال 2020 میں دنیا بھر میں سیاحوں کی تعداد میں 20  فیصد سے 30  فیصد تک کی کمی آئے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی نے ایک بیان میں کہاکہ سیاحتی سیکٹر کی آمدنی میں 300 سے 450 ارب ڈالر کی کمی متوقع ہے۔ یہ رقم سال 2019 میں اس سیکٹر کی مجموعی آمدنی کا ایک تہائی حصہ بنتا ہے۔

گذشتہ سال مجموعی آمدنی کا حجم 15 کھرب ڈالر تھا۔ مذکورہ ایجنسی کے سکریٹری جنرل زوراپ بولوکیکاشویلی کے مطابق سیاحت کا شعبہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اقتصادی سیکٹروں میں سے ہے۔ اس شعبے میں لاکھوں افراد کی ملازمتوں کو خطرہ لاحق ہے۔

ایجنسی نے رواں برس کے آغاز پر توقع ظاہر کی تھی کہ عالمی سیاحت کے شعبے میں 3  فیصدسے 4  فیصد کی نمو دیکھی جائے گی۔ تاہم کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلا ؤکے سبب ایجنسی نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال اس شعبے میں 1 فیصد سے 3  فیصد تک کمی متوقع ہے۔