گرفن اسکواش، فرحان زمان کی فتوحات کا سلسلہ جاری

نیویارک: گرفن اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں  فرحان زمان کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، کوارٹر فائنل میں پاکستانی اسٹار نے میکسیکو کے ایرک گلویز کو 3-1 سے مات دیکر فائنل فور مرحلے میں رسائی حاصل کی جہاں انھیں اتوار کو فرنچ حریف جان بوکیوٹ کو زیر کرنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں جاری پی ایس اے گرفن اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں ورلڈ رینکنگ میں 68 ویں پوزیشن کے حامل فرحان زمان نے تھوڑی سی مزاحمت کرنے والے  ایرک گلویزکو3-1 سے زیرکرلیا، میکسیکو سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر 75 حریف نے پہلا گیم11-8 سے اپنے نام کیا، فرحان زمان نے خسارے میں جانے کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرا گیم 11-8 سے اپنے نام کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔

تیسرے میں ایک بار پھر ان کے زور دارشاٹس کا ایرک کے پاس کوئی جواب نہ تھا اور وہ 11-5 سے ناکام ہوکر 2-1 کے خسارے میں چلے گئے، پاکستانی کھلاڑی نے اپنے ردھم کو جاری رکھتے ہوئے چوتھا گیم بھی یکطرفہ طور پر11-6 سے جیت کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں ان کا اتوارکو فرنچ  جان بوکیوٹ سے سامنا ہوگا، ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل ٹاپ سیڈ میکسیکن الفریڈو اویلا اور مصری ہاشم محمد عاشور کے مابین طے پایا ہے۔